’سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دو عسکریت پسند ہلاک‘

  • 21 اپريل 2016
Image copyrightBBC World Service
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں سرکاری حکام نے سکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی میں دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یکام کے مطابق دونوں افراد کی ہلاکت کا واقعہ ضلع آواران کی تحصیل مشکے میں پیش آیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں افراد کی شناخت عادل بلوچ اور ماجد بلوچ کے ناموں سے ہوئی ہے جو ضلع آواران کے رہائشی تھے۔
ان میں سے عادل کا تعلق تحصیل مشکے جبکہ ماجد کا تعلق آواران سے تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دونوں افراد عسکریت پسند تھے اور وہ تحصیل مشکے کے علاقے منگلی میں سکیورٹی فورسز کے فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔
دوسری جانب ان افراد کی ہلاکت کے حوالے سے قوم پرست جماعت بلوچ نیشنل موومنٹ نے میڈیا کو ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان میں بی این ایم نے دونوں افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت کے دعوے کو مسترد کیا ہے۔
بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ دونوں افراد کو پہلے ہی ریاستی اداروں کے اہلکاروں نے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔
بیان کے مطابق مارے جانے والوں میں سے ماجد بلوچ کو اس سال 6 جنوری کو جبکہ عادل بلوچ کو 27 فروری کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔
بی این ایم نے الزام عائد کیا ہے کہ دونوں کو دوران حراست ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاشیں منگلی کے علاقے میں پھینکی گئی ہیں۔ بیان کے مطابق ماجد بلوچ کالعدم بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے رکن تھے۔