’شکتی مان‘ اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں کامیاب
- 3 گھنٹے پہلے
انڈین ریاست اترا کھنڈ کے دارالحکومت دہرادون کی پولیس لائن میں زخمی ہونے والے گھوڑے ’ شکتی مان‘ کی خیریت پوچھنے والوں کا آج کل تانتا لگا ہوا ہے۔
گذشتہ ماہ شکتی مان اس وقت شدید زخمی ہو گیا تھا جب بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران مبینہ طور پر اس پر حملہ کر دیا تھا۔
یہ واقعہ 14 مارچ کو بی جے پی کے ایک ریلی کے دوران پیش آيا تھا۔
اس کے بعد شکتی مان کی ایک ٹانگ کی سرجری ہوئی جس کے بعد اسے کاٹنا پڑا تھا کیونکہ چوٹ کی وجہ سے اس کے پیر میں گینگرين ہو گیا تھا۔
کاٹی گئی ٹانگ کی جگہ اب شکتی مان کو ایک نقلی ٹانگ لگائی گئی ہے۔ اس کے سہارے شکتی کھڑا تو ہو پا رہا ہے لیکن اب وہ کبھی پولیس کی ڈیوٹی نہیں کر پائے گا۔
پولیس والوں کے علاوہ ایک امریکی خاتون نے بھی سرجری کے بعد شکتی مان کی کافی مدد کی۔
دہرادون پولیس لائن میں ہر کوئی ان امریکی خاتون جیمی ویگن کو چاچی کہہ کر پکارتے ہیں۔
پولیس لائن میں شکتی مان کے لیے نیا ٹن شیڈ بنایا گیا ہے۔ گرمی سے آرام کے لیے دو واٹر کولر لگائے گئے ہیں۔ مچھروں سے بچانے کے لیے مچّھردانی لگائی گئی ہے جبکہ دیگر کیڑوں اور پتنگوں سے دور رکھنے کے لیے فلوروسینٹ لیمپ کا بندوبست کیا گيا ہے۔
ہر دوسرے دن شکتی مان کا بستر بدل دیا جاتا، اس کی پٹّی ہفتے میں دو بار بدلی جاتی تھی۔ ڈاکٹر اس کے لیے ہر وقت دستیاب رہتے تھے۔ اس خصوصی دیکھ بھال نے شکتی مان کو جلدی صحت یاب ہونے میں کافی مدد کی ہے۔
جانوروں کے ماہر ڈاکٹر راکیش نوٹيال شکتی مان کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں:’شکتی مان کی حالت دن بدن بہتر ہو رہی ہے۔ میں حیران ہوں کہ اتنی بڑی سرجری کے بعد بھی وہ کسی بھی صحت مند گھوڑے کی طرح ہی مناسب طریقے سے کھاتا پیتا ہے۔ یہ ایک اچھا اشارہ ہے۔‘
شکتی مان کی نقلی ٹانگ امریکہ سے مفت میں آئی ہے جسے اینیمل آرتھوكيئر کے ڈیرک کیمپانا نے بطور عطیہ پیش کیا ہے۔
نوئیڈا کی ایک کمپنی شکتی مان کو مفت میں دوسری ضروری چیزیں مہیا کراتی ہے۔
ویگن کہتی ہے کہ ’شکتی مان کا آپریشن کرنے والے پونے کے ڈاکٹر فیروز کے کہنے پر میں دہرادون آئی۔ بہت سے لوگ شکتی مان کے تعلق سے فکر مند ہیں اور مدد کی پیشکش کر رہے ہیں۔‘
ویگن نے بتایا: ’نقلی پیر کے بعد اب جلد ہی امریکہ سے آئس بُوٹ آنے والا ہے۔ آئس بُوٹ ایک خاص طرح کا بوٹ ہے جو نقلی پاؤں پر پڑنے والے بوجھ کو کم کر دے گا۔‘
سینیئر ویٹینری افسر کیلاش انييال کا کہنا ہےکہ ’آئس بوٹ کی مدد سے ہم قادر کی دائیں پسلی کو زیادہ محفوظ رکھ پائیں گے۔‘
اتراکھنڈ میں بی جے پی کے رکن اسمبلی گنیش جوشی پر شکتی مان کو لوہے کے راڈ مارنے کا الزام ہے، تاہم وہ ان الزامات سے انکار کرتے ہیں۔ لیکن کچھ ویڈیوز میں انہیں لوہے کا راڈ شکتی مان کے پاؤں پر مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
شکتی مان پر ہوا حملہ ایک سیاسی مسئلہ بن گیا تھا۔ پولیس نے گنیش جوشی کو گرفتار بھی کیا تھا۔
واقعے کے بعد بی جے پی نے شکتی مان کے علاج کے لیے رقم دینے کی بھی پیشکش کی تھی جسے مقامی پولیس نے ٹھکرا دیا تھا۔
شکتی مان دہرادون پولیس کے پاس موجود دس گھوڑوں میں سے ایک ہے۔
0 comments