پی ٹی آئی کے ایم پی اے مصطفیٰ کمال کے کیمپ میں شامل
- 7 گھنٹے پہلے
کراچی میں رواں ماہ کے دوران تحریک انصاف کو ایک اور سیاسی دھچکا پہنچا ہے، اس کے رکن صوبائی اسمبلی ایڈووکیٹ حفیظ الدین پارٹی اور اسمبلی سے مستعفی ہوکر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔
کراچی میں جمعے کی شام پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے حفیظ الدین ایڈووکیٹ نے تحریک انصاف کی مقامی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ نواز میں رہنے بعد میں تحریک انصاف میں اس لیے شامل ہوئے کہ شاید کوئی تبدیلی آجائے۔
’کراچی میں ہم نے محنت کرکے پارٹی کو کھڑا کیا اور کوشش کی کہ منتخب باڈی بنے لیکن اس وقت عمران خان نا تجربے کار، ناعاقبت اندیش دوستوں میں گھرے ہوئے ہیں۔‘
حفیظ الدین ایڈووکیٹ کراچی کے صوبائی حلقے پی ایس 93 سے منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے حلقہ 245 سے تحریک انصاف کے امیدوار امجد اللہ خان کی ایم کیو ایم میں شمولیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس حلقے سے تحریک انصاف نے 53 ہزار ووٹ لیے تھے وہاں کا امیدوار چلا گیا۔
حفیظ الدین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے تنظیمی ایشوز پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا لیکن اس کا کچھ حاصل نہیں ہوا، اس صورتحال سے ناامیدی نے جنم دیا لیکن مصطفیٰ کمال نے نیا راستہ دیا ہے۔
سندھ اسمبلی میں تین سال تک تحریک انصاف کے پارلیمانی رہنما کے عہدے پر فائز حفیظ الدین ایڈووکیٹ نے الزام عائد کیا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بانجھ ہے اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
’کراچی کے مسائل پر ہم پالیسی بنائیں گے، کے ایم سی اور واٹر بورڈ پر مافیا نے پنجے گاڑ دیے ہیں یہاں ٹرانسپورٹ کا ناقص ترین نظام ہے۔ مصطفیٰ کمال ان مسائل پر پی ایچ ڈی ہیں، وہ مل کر حقیقی تبدیلی کی طرف بڑہیں گے۔‘
حفیظ الدین ایڈووکیٹ پہلی سیاسی شخصیت ہیں جو ایم کیو ایم سے باہر سے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ اس وقت تک چار رکن صوبائی اسمبلی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں، جن میں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر صغیر احمد، افتخار عالم، بلقیس مختار اور اشفاق منگی شامل ہیں۔
کراچی میں اتوار کے روز باغ جناح میں پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے جلسہ منعقد کیا جائے گاآ اس جلسے کی کامیابی کے لیے مصطفیٰ کمال کراچی کے کچھ علاقوں کے علاوہ حیدرآباد، ٹنڈوالہیار اور میرپورخاص کے دورے بھی کرچکے ہیں، جلسے کے لیے شہر بھر میں وطن پرستوں کے نام سے بینر اور وال پوسٹر لگائے گئے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ اتوار کا جلسہ قتل و غارت اور اقربا پروری کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، وہ لوگ جو گھر میں بیٹھے ہیں قدم نہیں بڑہا رہے وہ باہر نکلیں کیونکہ وہ لوگوں کو زندگیاں بچانے آئے ہیں۔
0 comments